اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، معاشرے کے تمام طبقات کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق اور ان کی آزادی کی وکالت کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستانی خواتین مختلف شعبوں اور پیشوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین نے بڑی جدوجہد کے بعد کامیاب مقام حاصل کیا ہے، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔
بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ حکومت خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے گھروں پر ہی بچوں میں خواتین کے احترام کی اقدار کو فروغ دینے پر زور دیا تاکہ ایک مہذب معاشرے کو فروغ دینے میں مدد مل سکے۔ اس موقع پر وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نسواں کشمالہ خان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ معاشرے میں صنفی امتیاز کو ختم کیا جائے اور خواتین کو درپیش چیلنجوں کا ادراک کیا جائے۔ انہوں نے فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کو شامل کرنے اور انہیں ملازمت کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے اور بتایا کہ ان کا دفتر دو ماہ کے اندر خواتین کی جائیداد سے متعلق مقدمات کے فیصلے دے رہا ہے۔ صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری نعیم رف نے کہا کہ ملک زندگی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور کاروبار میں خواتین کی شمولیت سے ہی ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو انٹرپرائزز، وومن چیمبرز اور صنعت و اکیڈمی کے مابین روابط کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب میں چیئرپرسن کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹرینز شاندانہ گلزار، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر سہیل الطاف اور خواتین کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔