لاہور (صباح نیوز)جہانگیر خان ترین گروپ نیا سیاسی لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے متحرک ہوگئے اور واضح کیا ہے کہ مائنس عثمان بزدار سے کم پر بات نہیں ہو گی۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی تبدیلی سے انکار کے بعد سخت لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی ۔ جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کی لندن میں ملاقات میں سخت پالیسی تشکیل دینے کا امکان ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق حکومت اور ترین گروپ کے درمیان تعاون کے امکانات مزید معدوم ہو گئے اور فاصلے بڑھنے لگے۔ ترین گروپ نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا آپشن کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کے روز صو بائی وزیر نعمان خان لنگڑیا ل کی رہائش گاہ پر ترین گروپ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس (ن)لیگ کی سینئرقیادت کی جانب عون چوہدری سے رابطہ کے بعد منعقد کیا گیا۔ گذشتہ روز ترین گروپ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ مائنس عثمان بزدار پر بات ہو سکتی ہے لیکن مائنس عثمان بزدار سے کم پر بات نہیں ہو گی۔ ترین گروپ نے حکومت کے اتحادیو ں سے بھی رابطوںکا فیصلہ کیا ہے تا کہ ایک مشترکہ پالیسی اختیار کی جاسکے۔