ترین گروپ کا ہر رکن متفق ہے کہ مائنس بزدار پر بات آگے بڑھے گی، نعمان لنگڑیال


لاہور (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ نے اعلان کیا ہے کہ مائنس بزدار(وزیر اعلی پنجاب) پر حکومت سے بات آگے بڑھے گی۔لاہور میں ترین گروپ کا ہنگامی اجلاس رکن عون چوہدری کی رہائشگاہ پر ہوا جس میں جہانگیر ترین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی،

اجلاس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہم جہانگیر ترین کی قیادت میں متحد ہیں، گروپ نے تمام فیصلوں کا اختیار جہانگیر ترین کو دے دیا ہے، وہ جو فیصلہ کریں گے سب کو قبول ہوگا لیکن گروپ کا ہر ایک رکن اس بات پر متفق ہے کہ مائنس بزدار پر حکومت سے بات آگے بڑے گی۔انہوں نے کہا کہ علیم خان کل ہی ہمارے گروپ میں شامل ہوئے ہیں، انہیں بتایا ہے کہ وہ جہانگیر ترین کے فیصلوں کے پابند ہوں گے، تمام اختیارات جہانگیر ترین کے پاس ہیں اور ان کے فیصلے سے کسی کو اختلاف نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، ہم قوم اور پی ٹی آئی کے لیے اچھا سوچ رہے ہیں، گروپ میں کوئی بغاوت اور کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہمارے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں نے رابطہ کیا ہے، جو جماعتیں ہم سے رابطے میں ہیں ان کے معاملات دیکھ رہے ہیں اور رابطے جاری ہیں،اس سے قبل لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کا اہم اجلاس عون چوہدری کی رہائشگاہ میں ہوا جس میں اہم معاملات پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق ترین گروپ کے ارکان نے جہانگیر ترین سے آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے رہنمائی مانگ لی، جہانگیر  ترین وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے،

جہانگیر ترین کو پنجاب اور وفاق کی سیاسی صورتحال پر  بریفنگ دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکا کو رکن پنجاب اسمبلی اور گزشتہ روز ترین گروپ میں شامل ہونے والے عبدالعلیم خان کی اسلام آباد میں حکومتی شخصیات سے ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں موقف اپنایا گیا کہ وفاق میں تحریک عدم اعتماد آچکی ہے جلدگروپ کی حکمت عملی کوفائنل کرناہوگا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر جہانگیر ترین نے اپنے گروپ کے ارکان کے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلد دوبارہ مشاورت ہوگی۔