لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد عوام کا مطالبہ ہے، اپوزیشن عوام کے فیصلے پر عمل کررہی ہے ۔ ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے تحریک عدم اعتماد ہی راستہ ہے۔
ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معیشت، خارجہ وداخلہ امور، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کے بعد مزید تجربات سے پرہیز ہی پاکستان کے حق میں بہتر ہے ۔ گالیاں تحریک عدم اعتماد کا راستہ نہیں روک سکتیں، رویہ گھبراہٹ کا ثبوت ہے۔ آنے والے دنوں میں عمران نیازی مزید گھبرائیں گے، قوم کی گھبراہٹ کم ہوتی جائے گی، انشااللہ۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا پیر کے روز ہونے والا اجلاس ملتوی کردیاگیا ۔
شہبازشریف کی ہدایت پر اجلاس ملتوی کیاگیا ۔ سابق صدر رفیق تارڑ کی وفات کی وجہ سے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ملتوی کیاگیا۔ پارٹی صدر نے سابق صدر مملکت کے لئے عقیدت واحترام کے اظہار کے طورپر اجلاس ملتوی کرنے کی ہدایت کی۔ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اب آج ( منگل) کی صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔