ڈیفنس آف ہیومن رائٹس ( ڈی ایچ آر) کی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد


اسلام آباد(صباح نیوز)ڈیفنس آف ہیومن رائٹس ( ڈی ایچ آر)نے ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جبری لاپتہ افراد کو رہا کیا جائے تاکہ وہ بھی قوم کی خوشی میں شریک ہو سکیں اور انکے ورثا کو بھی حقیقی خوشی نصیب ہو۔

ڈی ایچ آر کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم بہت عمدہ کھیل پیش کر رہی ہے،پانچوں میچوں میں کامیاب رہی ہے،جس پر پوری قوم خوش ہے اور دعا گو ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کا فاتح بنے۔

اس پرمسرت موقع پر لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کے منتظر ہیں اور اپنے پیاروں کو بھی اس قومی خوشی میں شریک دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے  قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھی شاندار کامیابی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی آپ کو ثابت قدم رکھے،ہر میدان میں کامیابی آپکا مقدر بنے اور ملک کا نام روشن ہو۔

انہوں نے کہا لیجنڈ کرکٹر شاہد آفریدی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔شاہد آفریدی خدمت خلق کیلئے بھی متحرک ہیں اور یقینا وہ انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ ہونگے،جبری گمشدگی کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا جاتا ہے۔

لاپتہ افراد کے ورثا سالہا سال سے انصاف سے محروم ہیں،انکے ورثا طرح طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں۔بعض گھروں کے واحد کفیل غائب کر دیئے گئے ہیں۔انکے بچے تعلیم سے محروم ہو رہے ہیں۔دوسری جانب سالہا سال سے لاپتہ انکے پیاروں کا بھی کچھ اتہ پتہ نہیں چل رہا اور ریاست دست گیری کو نہیں آ رہی۔شاہد آفریدی قومی ہیرو ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اس قومی مسئلے کے حل کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں پر پوری قوم پرمسرت ہے،ملک میں اتحاد و یگانگت کی فضا ہے،اس موقع پر ہم وزیر اعظم سے جو خود بھی کرکٹر رہے ہیں اپیل کرتے ہیں کہ انصاف سے محروم لاپتہ افراد کے ورثا کو بھی انصاف فراہم کیا جائے،خفیہ حراست گاہوں سے لاپتہ افراد کو اپنے گھروں میں بھجوایا جائے تاکہ لاپتہ افراد کے ورثا کی خوشیوں کا لطف بھی دوبالا ہو جائے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم ان دکھی ماوں،بہنوں، بیٹیوں کو  بھی قوم کی خوشیوں میں شریک کرینگے جو سالہا سال سے کھو جانے والوں کی راہ دیکھ رہی ہیں۔