لاہور(صباح نیوز)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے۔ ایسے افراد جو کسی سیاسی جماعت کے ساتھ شمولیت اختیار نہیں کرنا چاہتے وہ گروپ تشکیل دے کر انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں اور انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر ملتان میں تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کی موجودگی میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر ملتان ندیم قاسم، ضلعی الیکشن کمشنر ملتان سلیم اختر خان اور جاوید اقبال، ضلعی الیکشن کمشنر خانیوال اکبر علی، ضلعی الیکشن کمشنر لودھراں عدنان ظفر اور ضلعی الیکشن کمشنر وہاڑی اصغر علی نے شرکت کی۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے اجلاس میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے دوران غیر تصدیق شدہ ووٹرز کی تصدیق کے عمل کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ غیر تصدیق شدہ ووٹرز کی تصدیق کا کام انتہائی ایمانداری اور دلجمعی کے ساتھ کیا جائے۔ انہوں نے تمام ضلعی الیکشن کمشنر ز و تصدیقی افسران کو خاص ہدایات کیں کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران اور تصدیقی عملے کے ساتھ میٹنگ کریں اور تصدیقی عمل کی پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ حاصل کریں۔ علاوہ ازیں تصدیقی عملے کیلئے میٹنگ کے دوران آئیندہ کے اہداف مقرر کر دیں اور وقت پر تمام کام مکمل کرنے کی ہدایات دیتے رہیں۔ تاکہ ایسے ووٹرز جو غیر تصدیق شدہ ہیں انکے اندراج کو تصدیق کے بعد یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ریجنل الیکشن کمشنر ملتان کو ہدایات دیں کہ وہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کہ اس مرحلے کی نگرانی کریں اور اس عمل کے دوران خودبھی جا کر اس امر کو یقینی بنائیں کہ غیر تصدیق شدہ ووٹرز کی تصدیق کا عمل بغیر کسی کوتاہی کے سرانجام دیا جائے۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے ملتان میں جاری حلقہ بندیوں کے عمل پر بھی افسران سے بریفنگ لی۔ ریجنل الیکشن کمشنر ملتان نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو آگاہ کیا کہ ملتان ڈویژن میں 256نیبر ہوڈ جبکہ 350 ویلج کونسلز تشکیل دی گئی ہیں۔ حلقہ بندیوں کے شیڈول کے مطابق 25فروری 2022تک حلقہ بندیوں کے حوالے سے عوام کی طرف سے 352اعتراضات دائر کئے گئے۔
ریجنل الیکشن کمشنر ملتان نے بتایا کہ تمام اعتراضات کی سماعت مکمل کی جا چکی ہے۔ اعتراضات کے متعلق تمام فیصلے متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنر ز و چئیرمین حلقہ بندی کمیٹی تک پہنچا دئیے جائیں گے۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے اجلاس کے دوران تمام افسران کو آئیندہ چند دنوں میں الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کے آغاز کے حوالے سے آگاہ کیا کہ جلد ہی الیکٹورل گروپس کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا لہذہ تمام ضلعی الیکشن کمشنرز اس حوالے سے وسیع پیمانے پر تشہیر کریں اور عوام کو اس عمل کے حوالے سے باخبر رکھیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ صوبہ پنجاب میں انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے لہذہ ایسے افراد جو کسی سیاسی جماعت کے ساتھ شمولیت اختیار نہیں کرنا چاہتے وہ گروپ تشکیل دے کر انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ہدایات دیں کہ تمام ضلعی الیکشن کمشنر ز اس عمل کے دوران باقاعدہ پریس کانفرنس کا انعقاد کریں اور پریس ریلیز جاری کریں تاکہ عوام الناس اور متوقع امیدواران کو اس عمل کے حوالے سے آگاہ کیا جا سکے، کیونکہ صو بہ پنجاب میں پہلی بار یہ عمل متعارف کیا جا رہا ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضلعی الیکشن کمشنر ز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کر دیں۔اس حوالے سے ضلعی الیکشن کمشنرز مجوزہ پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کر کے تمام سہولیات کا جائزہ لیں اور فہرست تیار کر لیں۔ علاوہ ازیں بلدیاتی انتخابات کیلئے مختلف سرکاری محکموں سے پولنگ اسٹاف کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیں اور ڈیٹا بنک تیار کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام امور کو تندہی اور ایمانداری سے سرانجام دیا جائے اور انتخابی قوانین اور ہدایات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔