راولپنڈی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ ہم فردنہیں ظلم کے نظام کوبدلنے کی جدوجہد کررہے ہیں عد م اعتماد کے بعد 40چور،وہیں موجود ہوں اورعلی بابابدل جائے تواس سے عوام کے مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے،عمران خان،عثمان بزدار،مرادعلی شاہ گھرجائیں اورشفاف انتخابات کی صورت عوام کودیانتدارقیادت کے انتخاب کا موقع دیا جائے۔
عوامی احتجاجی دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف،نوازلیگ اور پیپلزپارٹی کی ہر بیٹھک اورملاقات عوام کی بجائے اقتدارکے لیے ہے انھیں اس سے غرض نہیں کہ مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،کرپشن نے عوام کا ہرلمحہ اذیت ناک بنادیا ہے
انہوں نے کہا کہ حکمران کہتا ہے ہم مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنائیں گے لیکن4سالوں میں اس جانب ایک قدم بھی نہیں اٹھایا، پشاورمیں دہشت گردی کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شہیداورزخمی ہوئے لیکن عمران خان نیازی کویہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہاں جاکرعوام کے زخموں پرمرہم رکھے۔
طارق سلیم نے کہاکہ پنجاب پولیس،کچہری،محکمہ مال سمیت جس ادارے کارخ کریں کرپشن،لاقانونیت اور ریاستی دہشتگری کی ان گنت داستانیں ہیں،پولیس عوام کی محافظ نہیں، ظلم کابازارگرم ہے کتنے ہی بے گناہ نوجوان ان کی بربریت کا شکارہوئے،ان تمام مسائل کا حل جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کومسنداقتدارتک پہنچا ناہے۔
ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کی بجائے ہرادارہ اپنا قبلہ درست کرے آئی ایم ایف کوپاکستان پرمسلط کرنے والے حقیقی غدارہیں۔ایک بلاک اورکبھی دوسرے بلاک کی غلامی عوام کوقبول نہیں پاکستانی قوم نے ایک طویل جدوجہد کے بعد جانوں اورعصمتوں کی قربانی دے کراسلام کے نام پر ریاست حاصل کی لیکن قائداعظم کی آنکھ بند ہوتے ہی کھوٹے سکے مسنداقتدارپرقابض ہوگئے جو 72سالوں سے عوام کاخون چوس رہے ہیں۔