راولپنڈی (صباح نیوز)جماعت اسلامی خواتین کی نائب ناظمہ پنجاب شمالی رخسانہ غضنفر نے کہاہے کہ محفوظ عورت،مضبوط خاندان اور مستحکم معاشرہ کے نام سے جماعت اسلامی ملک بھر میں دس روزہ مہم منا رہی ہے مہم کا مقصد اپنے معاشرے کی عورت کو جسمانی و ذہنی تحفظ فراہم کر کے اسے معاشرے کے لئے سود مند بنانا ہے نیز عورتوں کے حقیقی مسائل کو اجاگر کرنا اور خود عورتوں کواسلام کے مطابق اپنے حقوق کی آگاہی دینا ہے،وہ میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ایک پریس فورم میں اظہار خیال کررہی تھیں
جماعت اسلامی خواتین کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف اخباروں کے نمائندوں کے ساتھ ایک پریس فورم کا انعقاد کیا گیا۔جماعت کی طرف سے نائب ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی رخسانہ غضنفر،رکن مرکزی شوری و انچارج بیٹھک سکول زینب آصف،سیکریٹری اطلاعات ضلع راولپنڈی قدسیہ مدثر ،نائب ناظمہ ضلع قرالعین اور رکن جماعت آنسہ بشری نے شرکت کی ۔فورم کا موضوع عالمی یوم خواتین کے حوالے سے جماعت اسلامی کا منشور ،مطالبات اور کاروائی تھا ۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کی خواتین رہنماؤں نے میڈیا کوآگاہ کیا کہ محفوظ عورت،مضبوط خاندان اور مستحکم معاشرہ کے نام سے جماعت اسلامی ملک بھر میں دس روزہ مہم منا رہی ہے جس کا مقصد اپنے معاشرے کی عورت کو جسمانی و ذہنی تحفظ فراہم کر کے اسے معاشرے کے لئے سود مند بنانا ہے نیز عورتوں کے حقیقی مسائل کو اجاگر کرنا اور خود عورتوں کو اپنے حقوق کی آگاہی دینا ہے جو اس کے دین نے اسے عطا کئے ہیں تاکہ وہ مغربی ایجنڈے اور دلفریب مگر استحصال کی جانب دھکیلتے نعروں کے جھانسے میں نہ آئے۔
فورم میں میڈیا کو اگاہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی کسی ایک دن کی بجائے سال بھر عورتوں کی فلاح کے لئے عملی میدان میں رہتی ہے جس کے لئے مختلف شعبے کام کر رہے ہیں،اس دن کی نسبت سے ہم ملکی خواتین کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی ہی ان کے اصل مسائل کی ترجمان اور حقوق کی علمبردار ہے، اس ضمن میں فلاح خواتین کے حوالے سے جماعت کے مطالبات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
صحافیوں نے تحفظ نسواں کے حوالے سے جماعتی کارکردگی اور کامیابی پر بھی سوال اٹھائے جن کے تسلی بخش جواب دئے گئے اورانہوں نے حلقہ خواتین کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔آخر میں خاتون صحافی شکیلہ جلیل کو راولپنڈی پریس کلب کی جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہونے اور روبینہ شاہین کو گورننگ باڈی الیکشن میں کامیابی پر نائب ناظمہ صوبہ رخسانہ غضنفر نے گلدستے اور کتب تحفے میں دیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا