آسٹریلوی لیجنڈ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے


کینبرا(صباح نیوز)آسٹریلوی لیجنڈ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے۔شین وارن دل کا دورہ پڑنے سے 52 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے علاقے کوہ سمائی میں اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 145 ٹیسٹ میں 708 وکٹیں حاصل کیں،آسٹریلوی لیجنڈ نے 194 ایک روزہ میچز میں 293 اور 73 ٹی ٹوئنٹی میں 70 وکٹیں حاصل کی تھیں۔سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین اسپنرز میں ہوتا ہے۔شین وارن نے اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کرکٹ سے کیا اور پہلا میچ 1992 میں بھارت کے خلاف کھیلا۔ 2007 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ ان کے کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا اور 15 سال پر محیط اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں وہ 1000 سے زائد وکٹیں لینے والے دوسرے بولر ہونے کا اعزاز لیے وہ ریٹائر ہوگئے۔

کرکٹ کی اب تک کی تاریخ میں صرف شین وارن اور سری لنکا کے سابق اسپنر مرلی دھرن ایسے کرکٹرز ہیں جنہوں نے 1000 سے زائد وکٹیں لے رکھی ہیں۔اپنے کیریئر کے دوران شین وارن نے متعدد ایسی گیندیں کیں جنہوں نے نہ صرف بلے بازوں کے ذہن کو گھما دیا بلکہ دیکھنے والے بھی انگشت بہ دندان رہ گئے۔شین وارن کی اچانک موت پر شائقین کرکٹ افسردہ ہیں جبکہ پاکستان کے کرکٹرز نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے شین وارن کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ ابھی شین وارن کے انتقال کی افسوس ناک خبر سنی ہے۔شعیب اختر  نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اس خبر کو سن کر مجھے کتنا صدمہ ہوا ہے۔راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ شین وارن کیا لیجنڈ، کیا آدمی اور کیا کرکٹر تھے۔شین وارن نے 12 گھنٹے قبل کیے گئے اپنی ٹوئٹ میں سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر  راڈنی مارش کے انتقال پر اظہار افسوس کیا تھا تاہم وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ وہ بھی اس دنیا میں چند گھنٹوں کے مہمان ہیں۔خیال رہے کہ آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر راڈنی مارش بھی  جمعہ کوہی74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے