لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ گھی اور خوردنی تیل کی قیمت میں 23 اور 24 روپے اضافے کے بعد10 روپے پیٹرول کی کمی عملًا واپس ہوچکی ہے۔ ایل پی جی اور گیس کی قیمت میں 16.37 فیصد اضافے کے بعد نام نہاد ریلیف ہوا میں تحلیل ہوچکا ہے۔
ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ان خساروں کے لئے رقم کہاں سے آئے گی؟ کیا عوام کو لوٹ کر پھر ادائیگیاں کی جائیں گی؟رواں مالی سال میں تاریخ کا بلند ترین تجارتی خسارہ ہونے جارہا ہے،یہ رقم کہاں سے آئے گی؟
انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کا کریڈٹ ریکارڈ درآمدات کو جاتا ہے کیونکہ برآمدات کے مقابلے میں درآمدات دوگنا ہوچکی ہیں۔
دعوے کے مطابق ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں ہوا، سیلز ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، کسٹم ڈیوٹیوں کی مد میں اضافہ سے ٹیکس وصولی بڑھی۔موجودہ حکومت کالی دولت والوں کے لئے جنت بن چکی ہے۔