شائقین کے لیےخوشخبری،پاک آسٹریلیا سیریز میں 100 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت


اسلام آباد(صباح نیوز) پاک آسٹریلیا سیریز کے لیے این سی او سی نے 100 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کو 4 مارچ سے 5 اپریل تک گراونڈ میں 100 فیصد تماشائیوں کی اجازت ہے۔

این سی او سی کے مطابق 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے مکمل طور پر ویکسین شدہ کو میچز میں شرکت کی اجازت ہے جب کہ 12 سال سے کم عمر کے بچے بغیر ویکسی نیشن کے بھی گراونڈ میچ دیکھ سکیں گے۔

این سی او سی نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا پروٹوکول کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا کو دورہ پاکستان کے دوران تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلنا ہے ۔