اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی فی یونٹ دو روپے90پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
بجلی جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ۔ فیصلے سے کے الیکٹرک صارفین پر تین ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ کے الیٹرک نے بجلی تین روپے40پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دی تھی۔ فیصلے کا اطلاق لائف لائن کنزیومرز پر نہیں ہو گا۔
دوران سماعت کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ قومی گرڈ سے مہنگی بجلی خریدی گئی، جنوری میںآرایل این جی کی سپلائی میں کمی آئی ، آرایل این جی نہ ملنے کی وجہ سے فرنس آئل پر زیادہ انحصار کرنا پڑا، جس کی وجہ سے مہنگی بجلی پیدا کی گئی۔ نیپراحکام کا کہنا تھا کہ اگر کے الیکٹرک کا سی پی پی اے پرزیادہ انحصار ہے تو نجکاری کا فائدہ ہو گا۔
کے الیکٹرک حکام کا دوران سماعت کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی1800میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے اوررواں ماہ مارچ میں میں 900میگا واٹ کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کا کہنا تھا کہ گیس کے کم پریشر کا معاملہ جلد حل ہوتا نظر نہیں آرہا ۔ نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ کم گیس فراہمی کی وجہ سے صارفین کو 30کروڑ روپے اضافی برداشت کرنا پڑیں گے۔
کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک گو مزید گیس فراہم کر نے کے لئے سوئی سدرن کو مزید سرمایہ کاری کرنی ہے،کوشش ہے کہ سوئی سدرن کے ساتھ جلد معاملات طے پاجائیں۔