لاہور(صباح نیوز) پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ایونٹ نے قوم کو خوشیاں دیں،ایونٹ کا پرامن انعقاد وزیراعظم کے ویژن کی عملی تصویرہے۔
اپنے ایک بیان میں پی ایس ایل کے کامیاب اور پرامن انعقاد پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل ایونٹ نے قوم کو خوشیاں دیں، پی ایس ایل ایونٹ کا پاکستان میں کامیاب و پرامن انعقاد وزیراعظم کے ویژن اور عزم کی عملی تصویر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پی ایس ایل کے دوران مثالی انتظامات و اقدامات کیے، شہریوں کو تفریح کی سہولیات فراہم کر کے وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کو پروموٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچ کے تمام تر انتظامات اور اقدامات کے حوالے سے عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر عمل کیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ میچ کے دوران امن و امان سمیت دیگر امور حوالے سے تمام متعلقہ اداروں نے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، ایونٹ کے دوران ذمے داریاں نبھانے والے تمام سکیورٹی اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میلہ کے پر امن اور کامیاب انعقاد نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کھیلوں حوالے سے محفوظ ملک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے دن اور رات کی پرواہ کئے بغیر اپنا اپنا کردار نبھایا۔