جماعت اسلامی ملک میں اسلام کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے ،راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے سوات میں سابقین جمعیت کے احباب کنونشن اور مدین میں سیرت النبی ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت جب تک فطرت اور اللہ کے احکامات کی طرف نہیں پلٹتی دنیا کی پریشانیاں اور مصیبتیں کم نہیں ہونگی ۔پاکستان میں اس وقت مالیاتی کرپشن کے ساتھ ساتھ جنسی اور اخلاقی کرپشن اپنے عروج پر ہے ۔یورپ اور امریکہ جیسے ممالک میں انسانیت ذلت کی اتھاہ گہرائیوں میں اترتی جارہی ہے ۔چلتی بسوں اورپبلک مقامات پر خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات نے انسان اور جانور میں کوئی تمیز باقی نہیں رہنے دی ۔ہسپتالوں کے مردہ خانوں میں مردہ خواتین کے ساتھ بداخلاقی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور پھر ان کی ویڈیو ز بنا کر ریکارڈ رکھنے جیسے قبیح عمل نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔

راشدنسیم نے کہا کہ عوام بنیادی ضروریات زندگی آٹا چینی گھی اور دالوں سے محروم ہیں ،کسانوں،مزدروں اور محنت کشوں کے گھروں میں فاقہ کشی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔غربت ،بے روز گاری اور مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے اور عوام میں دن بدن مایوسی اور بے چینی بڑھتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئے روز نت نئی قسم کی کرپشن کے واقعات سامنے آرہے ہیں اور اس کرپشن کے پیچھے وہ لوگ نظر آتے ہیں جو سابقہ حکومتوں میں رہے ہیں یا موجودہ حکومت کی صفوں میں بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کا علاج کسی کے پاس ہوتا تو آج دنیا میں امن و سکون ہوتا اور انسان روٹی کے ایک ایک لقمہ کیلئے یوں پریشان نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل اور پریشانیوں کا علاج صرف خالق کائنات کے نظام میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلام کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے ۔ہم سمجھتے ہیں کہ انسانیت کو موجودہ ذلت و گمراہی کے گڑھے اور مسائل کی دلدل سے صرف ا سلام کاصاف ستھرا اور فلاحی نظام ہی نکال سکتا ہے ۔