ہمارامقصد اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہاہے کہ ہم جو بھی منصوبہ شروع کریں، وہ کاریگری، معیار اور کارکردگی کے اعلی معیار کی عکاسی کرے،ہمارامقصد اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے،مستقبل میں پانی کی فراہمی کیلئے بھی مناسب انتظام کرنے ہونگے تاکہ شہریوں کو ضروریات کے مطابق پانی فراہم کیا جاسکے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جمعرات کے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت، نیز سی ڈی اے کے نئے اقدامات جیسے شہر بھر میں مختلف خوبصورتی کے منصوبے، موسم بہار 2025ء شجرکاری مہم، سیکٹر E-12کا افتتاح اور تمام منصوبوں میں شفافیت، میرٹ اور اندرونی احتساب کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد کو شہری خوبصورتی کا عالمی نمونہ بنانے کے عزم کو دہرایا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو جاری انفراسٹرکچر اور شہری منصوبوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں اسلام آباد کی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے بنائے گئے مختلف منصوبوں کے بارے میں ہونے والی پیشرفت بھی شامل تھی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے طویل المدت شجرکاری کیلئے بیوٹیفکیشن پلان، صاف ستھرا اور جمالیاتی طور پر پرکشش دارالحکومت بنانے کیلئے مختلف ہدایات جاری کیں۔

اجلاس کے دوران چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے تمام منصوبوں کیلئے اعلی معیار اور ٹائم لائنز کی پابندی پر زور دیا. انہوں نے کہا کہ ہم جو بھی منصوبہ شروع کریں، وہ کاریگری، معیار اور کارکردگی کے اعلی معیار کی عکاسی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے اسلام آباد واٹر ایجنسی قائم کی لیکن مستقبل میں پانی کی فراہمی کیلئے بھی مناسب انتظام کرنے ہونگے تاکہ شہریوں کو ضروریات کے مطابق پانی فراہم کیا جاسکے.باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کارپوریٹ سیکٹر اور معروف برانڈز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی (CSR) کے تحت شہر کی خوبصورتی کے اقدامات میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ CSRکے تحت وسائل اور مہارت کو بروئے کار لاکر ہم اسلام آباد کو بالخصوص شجر کاری مہم 2025ء کے ذریعے مزید سرسبز و شاداب بنانے کی کوششوں کو تیز کرسکتے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مزید اجتماعی کوششوں اور شہری شرکت پر زور دیتے ہوئے اسکولوں، یونیورسٹیوں، فیملیز اور شہریوں سے درخت لگانے کی مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ خوبصورت اسلام آباد ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں، خاص طور پر نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ درخت لگا کر اور گرین ایریاز کی دیکھ بھال کرکے اس مہم میں حصہ لیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکر ہم اسلام آباد کو دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میں سے ایک بناسکتے ہیں۔ اجلاس میں شہر بھر میں شجرکاری، لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر لگانے کی مہم جیسے خوبصورتی کے منصوبوں کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد کو شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی تحفظ کی مثال بنانے کے اپنے عزم کو دہرایا۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ ان کا وژن اسلام آباد کو ایک ایسا شہر بنانا ہے جو جدت اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی قائم کرے اور اسلام آباد کو پائیدار ترقی کیلئے ایک ماڈل شہر بنانا ہے۔