منعم ظفر کی مواچھ گوٹھ میں گٹر میں گر کر جاں بحق بچے کی نماز جنازہ میں شرکت ، سندھ حکومت و قابض میئر کی ناقص کارکردگی کی شدید مذمت

کراچی(صباح نیو ز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیرضلع کیماڑی مولانا فضل احدکے ہمراہ ماڑی پور ٹاؤن کے علاقے مواچھ گوٹھ میں گٹر میں گر جاں بحق ہونے والے معصوم بچے عبدا لرحمن کے والد محمد قابل ودیگر اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نماز جنازہ میں شرکت کی سندھ حکومت و قابض میئر کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی ۔

نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ،ضلعی رہنما خلیق احمد، اہل محلہ ،عزیز و اقارب و جماعت اسلامی کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ منعم ظفر خان نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہر میں ایک اور بچے کا گٹر میں گر کر جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک اور ماڑی پور ٹاؤن کی کارکردگی بھی پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اور قابض میئر کے لیے سوالیہ نشان ہے ۔مواچھ گوٹھ میں 11فٹ گہرے گٹر کھلے ہوئے ہیں ، سڑکیں بنی ہوئی ہیں اور نہ پانی میسر ہے، ماڑی پور ٹاؤن کے مواچھ گوٹھ میں رواں سال کا تیسرا واقعہ ہے جس میں بچہ گٹر میں گر کرجاں بحق ہوا ہے ۔

پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت و قابض میئر کے لیے شرم کا مقام ہے کہ گزشتہ سال بھی شہر میں 19بچے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوئے ۔ رواں سال بھی شاہ فیصل ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن سمیت دیگر ٹائون میں 4بچے گٹر میں گر کر اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرے لیکن حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی ،ہم والدین اور اہل خانہ کے لیے دعا گو ہیں اللہ تعالیٰ انہیں صبرجمیل عطافرمائے ۔دریںاثناء نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ ،نائب امیر کراچی نوید علی بیگ،پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے سیکرٹری نجیب ایوبی نے ڈیفنس فیز 1میں ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران 8سالہ بیٹے کے سامنے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اس کے والد عامر سلطان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔اہلخانہ سے دلی ہمدردی وافسوس کا اظہا رکیا۔

بعد ازاں سیف الدین ایڈویٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں آئے روز کوئی نہ کو ئی حادثہ یا سانحہ رونما ہوتا ہے، حادثات و سانحات کراچی کا مقدر بن چکے ہیں،روزانہ کوئی نہ کوئی گھر اجڑ رہاہوتا ہے ، کوئی خاتون بیوہ اور کوئی اپنے لخت جگر سے محروم ہوجاتی ہے۔ گزشتہ 3ماہ میں اسٹریٹ کرائمز و مسلح ڈکیتی کی 30سے زائد وارداتیں ہوچکی ہیں جن میں ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کو گولی ماری گئی،دوسری جانب 3ماہ میں دوسوسے زائد شہری خونی ڈمپر و ٹینکر کا نشانہ بن کر اپنی جان گنواچکے ہیں ۔سندھ حکومت کراچی کے معاملات اور حالات بہتر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ،کراچی کے عوام کے لیے ضروری ہے کہ اس حکومت کا متبادل لایا جائے ،جماعت اسلامی بہت جلد کراچی کے مسائل کے حل اور حقو ق کے تحریک کا آغاز کررہی ہے ،عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،جماعت اسلامی ہی کراچی کے عوام مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔