اہل غزہ ،مظلوم ونہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 13اپریل کو عظیم الشان ”یکجہتی غزہ مارچ ”ہوگا،منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت  ادارہ نورحق میں امراء اضلاع و برادرتنظیمات کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اہل غزہ ،مظلوم ونہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار13اپریل شام 4بجے شاہراہ فیصل پر تاریخی و عظیم الشان ”یکجہتی غزہ مارچ ”ہوگا۔مارچ سے امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ، امیر کراچی منعم ظفر خان ودیگر قائدین خطاب کریں گے ۔ اجلاس میں برادرتنظیمات میں علماء ،وکلاء ،ڈاکٹر ، سمیت ہر شعبہ زندگی کے رہنماشریک تھے۔

اجلاس میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی اور امت مسلمہ کے حکمرانوں کے کردار کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔منعم ظفر خان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صیہونیوں نے ایک بار پھر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کر کے ہزاروں سال کی تاریخ دہرائی ہے ، 18مارچ سے جاری بمباری عید کی خوشیاں مناتے اور کھیلتے ہوئے ننھے منے بچوں اور خواتین پر بمباری کی اور آج تک نہتے و مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر بمباری جاری ہے ، اوآئی سی ،اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ،اسرائیل کو بم و بارود فراہم کرنے میں امریکہ کا ہاتھ ہے،اسرائیل کے ساتھ ساتھ ہر وہ ملک جو اس کی پشت پناہی کررہا ہے وہ اس کا ذمہ دار ہے۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں کے پاس سب کچھ ہے لیکن غیرت و حمیت موجود نہیں ہے۔ حکومت و اپوزیشن میں شامل سب امریکہ و اسرائیل کی مذمت کے بجائے امریکی خوشنودی کی کوشش کررہے ہیں۔ امت مسلمہ کے مسلمان اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہیں،ہم اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کو فائدہ پہچانے والی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے ۔

منعم ظفر خان نے کہاکہ آج ہم فلسطین کی سرزمین پر جاری ظلم و بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرر ہے ہیں۔ غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر ہر روز بمباری کی جارہی ہے لیکن ان کی حوصلے اور عزم میں کمی نہیں آئی۔ غزہ کے معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کی دردناک حالت نے ہمیں انسانیت کے معیارات پر سوالات اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے۔ فلسطین کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ ایک انسانی حقوق کا معاملہ ہے، اسرائیل نے دہشتگردی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں یہاں تک کہ غزہ کی مساجد، اسپتال ،گھروں اور خیموں میں موجود بچوں اور عورتوں پر بھی بمباری کی جارہی ہے ۔فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہم اپنے فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کرتے رہیں گے ۔مسئلہ فلسطین پر عالمی سطح پر آواز بلند کرنا اور فلسطینی عوام کی حمایت کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ فلسطین کی آزادی اور انصاف کے حصول کے لیے فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔