کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ نوجوان امت کا قیمتی سرمایہ اورجمعیت ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔امریکی سرپرستی میں غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری شرمناک،انسانیت کے قتل عام پرحقوق انسانی کی تنظیموں سمیت عالمی ضمیرکی خاموشی تشویشناک ہے۔مسلم حکمران بھی اسرائیل کی درندگی پراندھے گونگے اوربہرے بنے ہوئے ہیں۔کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت اتوار13اپریل کو شاہراہ فیصل پریکجہتی غزہ مارچ اہل فلسطین کے لیے حوصلے کا باعث بنے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے تحت منعقدہ سہ روزہ تربیت گاہ برائے ناظمین سے آخری روزخطاب کرتے ہوئے کیا۔جمعیت کے ناظم صوبہ عمیرشامل لاکھو نے انہیں دینی کتب کاہدیہ پیش کیا۔صوبائی امیرنے مزیدکہاکہ جمعیت نے ملک کو قابل ودیانتدار لیڈشپ دی ہے جوزندگی کے ہرشعبے میں ملک کی تعمیرترقی اورعام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔طلباء یونین طلبہ کا بنیادی وآئینی حق ہے جس پرشب خون مارکران کو اپنے حق سے محروم رکھا گیا ہے۔
طلباء یونین پرپابندی کی وجہ سے پیراشوٹ بشمول فارم 47کے ذریعے لینڈکرنے والی قیادت نے لوٹ مار اورملک کو معاشی سیاسی اوراخلاقی طورپر تباہ کرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی ہے جس کی وجہ آج وطن عزیز مہنگائی ، دہشتگردی سمیت کئی بحرانوں سے دوچار ہے۔انہوں نے زرودیاکہ طلباء تعلق بااللہ مضبوط اورسیرت وکردار کی تعمیر کے ساتھ اپنی تعلیم پربھرپور توجہ اورجمعیت تعلیمی اداروں میں پرامن تعلیمی ماحول کوبرقرارکھنے کے لیے اپنابھرپور کردار ادا کرے۔