جماعت اسلامی کے وفد کی اسلام آباد میں افغان سفیر سردار شکیب سے ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے ایک وفد نے اسلام آباد میں افغان سفیر سردار شکیب سے ملاقات کی ۔ وفد میں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی اور بلوچستان کے نائب امیر ڈاکٹر عطاء الرحمان شامل تھے ۔

ملاقات میں پاک افغان تعلقات کے ضمن میں متعدد امور پر بات چیت کی گئی ، جن میں دہشت گردی کا تدارک ، باہمی تجارت اور مہاجرین کے امور شامل ہیں ۔ آصف لقمان قاضی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا بنیادی رشتہ دین کا رشتہ ہے ۔ ہم سب امت مسلمہ کا حصہ ہیں  ۔ ہمیں باہمی  معاملات کو بحیثیت مسلمان حل کرنا چاہیے ۔ اسلام مسلمانوں  کو باہمی تعاون اور اخوت کا درس دیتا ہے ۔ ہم یہ توقع رکھتے ہیں  کہ ماضی کی غلط فہمیوں کو ختم کر کے بحیثیت مسلمان اخوت کی بنیاد پر  پاکستان افغانستان تعلقات استوار کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے اور دہشت گردی کے تدارک کے لیے باہمی مربوط حکمت عملی بنانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کے تعطل سے دشمن فائدہ اٹھاتا ہے اور ہمیں دشمن کو یہ موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ دو مسلمان ممالک کے درمیان رخنہ پیدا کریں ۔ آصف لقمان قاضی نے کہا کہ تجارتی تعلقات کو سیاسی وجوہات کی بناء پر معطل نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اسکی وجہ سے دونوں طرف کے عوام کا نقصان ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ افغان مہاجرین کو اپنا مہمان سمجھا ہے ۔ اگر مہاجرین نے واپس جانا ہے تو انہیں احسن طریقے سے جانا چاہیے اور اس کا طریق کار دونوں ممالک کو مشاورت سے طے کرنا چاہیے ۔ افغان سفیر سردار شکیب نے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جماعت اسلامی کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سیاسی جماعتیں اور ممتاز شخصیات اچھے تعلقات کے قیام کے لیے افغانستان کادورہ کریں ۔ امارت اسلامی انہیں خوش آمدید کہے گی ۔