اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معیشت بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں بجلی سستی کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔ باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
وزیرخزانہ نے بھی بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کی تصدیق کردی، امریکی جریدے بلوم برگ کو انٹر ویو میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔ اقدام سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فروغ ملے گا اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔حکومت نے ٹیکس دائرہ کار کو وسعت دینے پر بھی توجہ مرکوز کرلی۔ وزیر خزانہ کہتے ہیں آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے ریئل اسٹیٹ، ریٹیل اور زراعت کے شعبوں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر پر غیر ضروری ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جاسکے۔
وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ پاکستان رواں سال اپنا پہلا چینی یوان بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ جس کی مالیت 200 سے 250 ملین ڈالر کے درمیان ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانڈ کے حجم سے زیادہ اہم یہ ہے کہ فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنایا جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس فنڈ کا استعمال موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں کے لیے کیا جائے گا، جبکہ اس اقدام کا مقصد امریکی، یورپی اور اسلامی سکوک کی روایتی مالیاتی منڈیوں سے ہٹ کر نئے ذرائع کو تلاش کرنا ہے