محکمہ صحت پنجاب کا سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی ڈیجیٹل فہرستیں جاری کرنے کا حکم


لاہور(صباح نیوز) محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی ڈیجیٹل فہرستیں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے سرکاری ہسپتا لوں میں غریب مریضوں کے لیے بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہدایات کے تحت تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں آویزاں کرنے اور آئی سی یو میں سرجیکل و ڈسپوزیبل سامان کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے سرکاری ہسپتالوں میں جدید سہولتوں اور انتظامات کے حوالے سے مراسلہ جاری کیا ہے۔جاری مراسلہ کے مطابق ہر سرکاری ہسپتا ل میں ادویات کی ڈیجیٹل اور مینؤل فہرستیں آویزاں کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو دوا کی دستیابی کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا سکیں۔

ضروری سرجیکل سامان ہسپتا لوں میں آئی سی یو اور دیگر طبی یونٹس میں سرجیکل و ڈسپوزیبل سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، جن میں سرنجیز، کینولا، ڈرپ سیٹ، سرجیکل ٹیپ، نیڈلز، سرجیکل سوچرز، کاٹن رول، کاٹن بینڈیج، نیسوگیسٹرک ٹیوب اور اینڈتراچیل ٹیوب شامل ہیں ۔ہسپتالوں میں مریضوں کی شکایات کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کئے جائیں گے تاکہ مریضوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ہسپتالوں میں عملے کے ڈیوٹی روسٹر آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ مریضوں کو کسی بھی وقت ضروری طبی عملے تک رسائی حاصل ہو سکے۔ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ مریضوں کے لئے ایک صاف ستھرا اور آرام دہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔یہ اقدامات سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور مریضوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کی جان اہم قدم ہیں۔