لاہو ر(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے جماعت اسلامی زون 166کے تحت شب بیداری کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہی پاکستان کی حقیقی منزل ہے، رمضان اللہ کے قانون کے نفاذ کا پیغام دیتا ہے اور روزہ برائیوں کے خلاف ڈھال ہے۔ انہوں نے فلسطینی مسلمانوں کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ غذائی قلت کے باوجود وہ روزے رکھ رہے ہیں اور صیہونیوں کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے 57 مسلم ممالک کی موجودگی کے باوجود اسرائیل کے قبلہ اول پر قبضے کی کوششوں پر افسوس کا اظہار کیا اور رمضان المبارک میں بھی اسرائیلی افواج کے ہاتھوں نہتے فلسطینی روزے داروں کی شہادت کو لمحہ فکریہ قرار دیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی سیاسی کمیٹی وسطی لاہور کے صدر صوفی خلیق احمد بٹ، حسان بن سلمان بٹ، ملک الیاس، ڈاکٹر ساجد اقبال و دیگر بھی موجود تھے۔
فرید پراچہ نے کہا کہ دنیا کی واحد مسلم ایٹمی طاقت کے حاکم اپنی کرسیوں کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں لیکن ان کی یہ کوششیںرائیگاں جائیں گی۔مقررین نے کہا کہ جس طرح ہم رمضان المبارک میں گناہوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیںہمیں سارا سال اسی طرح زندگی بسر کرنا چاہیے۔ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیئے۔ اپنے گناہو ں کی معافی مانگنی چاہئے۔