لاہو ر (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی پاکستان کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور ڈاکٹر بشیر احمد مغل نے رائے ونڈ روڈ پر جامعہ مسجد کلثوم بشیر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر بشیر احمد مغل کے اہلخانہ ادارہ معارف اسلامی منصورہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد انور گوندل فرحان شوکت ہنجرا سمیت معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی اس روح پرور تقریب میں موجود تھے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بشیر احمد مغل نے اللہ کے گھر کی تعمیر کرکے قرب الہٰی حاصل کیا ہے۔ انشاء اللہ مسجد کے محراب و منبر سے قرآن و سنت کے نظام قائم کرنے کی صدائیں بلند ہونگی۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہم سب کی ذمّہ داری ہے۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر بشیر احمد مغل نجم الثاقب مغل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا آخر میں معزز مہمانوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔