حکومت فوجی آپریشنز اور ڈرون حملوں کے ذریعے معصوم شہریوں کا خون بہا رہی ہے، ڈاکٹر عطا الرحمن

لاہو ر (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمن نے بابوزو کاٹلنگ مردان میں ڈرون حملہ کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ریاستی جبر اور ظلم کی بدترین مثال قرار دیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وحشیانہ کارروائی میں بے گناہ 9 افراد، جن میں خواتین اور معصوم بچے شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوجی آپریشنز اور ڈرون حملوں کے ذریعے معصوم شہریوں کا خون بہا رہی ہے۔ رمضان المبارک اور عید کی آمد پر محنت کش اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام ایک ناقابل قبول ظلم ہے۔ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے کہا کہ صوبائی حکومت اس واقعہ پر اپنی پوزیشن واضح کرے جبکہ وفاقی حکومت اور سیکیورٹی ادارے وضاحت کریں کہ ان نہتے شہریوں کا جرم کیا تھا؟  انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن صوبے میں مزید بے چینی اور اضطراب پیدا کرے گی جس کے نتیجہ میں پشتون علاقہ میں امن وامان کے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے۔