سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم کی بابوزو کاٹلنگ مردان میں ڈرون حملے کی شدید مذمت

لاہو ر (صباح نیوز) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے بابوزو کاٹلنگ مردان میں ڈرون حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی جبر اور ظلم کی بدترین مثال قرار دیا ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈرون حملے کی فوری طور پر تحقیقات کر کے اس کی تفصیلات اور ذمہ داران کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وحشیانہ کارروائی میں بے گناہ 10افراد جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں، شہید ہو گئے جبکہ کچھ بچے تاحال لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوجی آپریشنز اور ڈرون حملوں کے ذریعے معصوموں کا خون بہا رہی ہے۔

رمضان المبارک اور عید کی آمد پر محنت کش اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام ایک ناقابل قبول ظلم ہے، صوبائی حکومت اس پر اپنی پوزیشن واضح کرے جبکہ وفاقی حکومت اور سیکیورٹی ادارے وضاحت کریں کہ ان نہتے شہریوں کا جرم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پہلے بھی فوجی آپریشنز کے خلاف تھی اور آج بھی ہے، ظلم کے خاتمہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔