اسلام آباد(صباح نیوز)عورت فاونڈیشن کے وفد نے وزیر برائے قومی صحت خدمات، ریگولیشنز اور ہم آہنگی، سید مصطفی کمال سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور آئندہ بجٹ میں تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات پر ٹیکس میں اضافے کا مطالبہ کیا۔عورت فاونڈیشن کی ڈائریکٹر پروگرام، مسز ممتاز مغل نے کہا کہ پاکستان اس وقت 84 ممالک میں تمباکو نوشی کے پھیلا کے لحاظ سے 54 ویں نمبر پر ہے۔
تشویشناک بات یہ ہے کہ تمباکو کی تشہیر خاص طور پر نوجوانوں، جن میں نوجوان لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے ان کو نشانہ بناتی ہے جس سے ان کی صحت، تعلیم اور مستقبل کے امکانات پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق، تقریبا تین کروڑ انیس لاکھ بالغ افراد جن کی عمر 15 سال یا اس سے زیادہ ہے، تمباکو کے استعمال میں مبتلا ہیں، جو کہ بالغ آبادی کا 19.7فیصدبنتاہے۔
صفدر رضا، ٹیم لیڈر نے وضاحت دی کہ ایک تنظیم کی جانب سے کی گئی حالیہ تحقیق میں یہ اہم نتائج سامنے آئے ہیں جن کے مطابق:۔تین کروڑ سولہ لاکھ بالغ(پندرہ سال اور اس سے زیادہ عمر کے)یا بالغ آبادی کا انیس اعشاریہ نو فیصدتمباکو استعمال کرتے ہیں جس میں ایک کروڑ تیہتر لاکھ افرادسگریٹ نوش ہیں۔۔تمباکوکا استعمال پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد اموات کا سبب بنتا ہے۔۔تمباکو نوشی سے متعلق بیماریوں اور اموات کا کل اقتصادی نقصان پاکستان جی۔ڈی۔پی کاایک اعشاریہ چھ فیصدسالانہ بنتاہے۔۔اگر تمباکوکے ٹیکس میں اضافہ نہ کیا گیاتودوہزار پچیس ۔چھبیس تک پاکستان میں چار لاکھ نوے ہزارسے زائدافرادتمباکو شروع کرسکتے ہیں۔مزید برآں، رضا نے بتایا کہ تحقیق سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ فروری 2023 سے تمباکو پر ٹیکس کی شرح میں جمود کے باعث سگریٹ مزید سستے ہو گئے ہیں۔
اس میں صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے اگر ہر پیک پر 39 روپے ایکسائز ٹیکس میں اضافہ کیا جائے تو اس سے درج ذیل مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں :۔ دو لاکھ تریسٹھ ہزار لوگ تمباکو نوشی چھوڑ دیں گے۔۔ سگریٹ کی کھپت میں 6.9فیصدکمی واقع ہوگی۔۔ حکومتی خزانے کو 67.4 ارب روپے کا اضافی فائدہ ہوگا۔ڈاریکٹر پروگرام عورت فاوئڈیشن ،مسز ممتاز مغل نے اختتام میں کہا کہ مندرجہ بالا صورتحال کے پیش نظر، تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات پر ٹیکس میں خاطر خواہ اضافہ نہ صرف تمباکو کے استعمال کو روکنے کے لیے ایک مضبوط اقدام ہوگا بلکہ یہ عوامی صحت کے نتائج میں بہتری اور قومی مالیاتی محصولات میں اضافے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔