سکیورٹی کلیئرنس کے بعد بلوچستان میں ریل سروس بحال ہو جائے گی،بلال اظہر کیانی

 اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِ مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ سکیورٹی کلیئرنس کے بعد بلوچستان میں ریل سروس بحال ہو جائے گی۔وزیرِ مملکت برائے ریلوے اور مسلم لیگ نواز کے رہنما بلال اظہرکیانی نے بیان کہا کہ جعفر ایکسپریس کے واقعہ کے بعد بلوچستان میں ریلوے سروس پروٹوکول کے ساتھ فوری بحال کی جائے گی۔ مسافروں کی حفاظت اور بہبود یقینی بنانے کے لیے ٹریک اور بوگیوں کو پہنچنے والے نقصانات کے بعد مکمل طور پر بحال کیا جارہا ہے

۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ سکیورٹی خطرات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، ان خطرات کو کم کر کے ہی ریلوے سروس دوبارہ شروع ہوگی۔وزیر مملکت نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے خاتمے تک غیر متزلزل عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔