سری نگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت کئی علاقو ں کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے اس دوران کئی افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے ، قابض بھارتی فوج نے ضلع کٹھوعہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔
پونچھ سڑک حادثے میں 14 افرادزخمی جبکہ سرینگر میں آتشزدگی کے باعث 5گھر خاکسترہوگئے ،کے پی آئی کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت کئی علاقو ں کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے ،قابض بھارتی فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز اور پویس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے سرینگر کے نواحی علاقے داچی گام کے جنگلات میں واقع پہلی پورہ کے بالائی علاقوں میں تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ بھارتی حکام کاکہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن مشکوک نقل وحرکت کے بارے میں اطلاعات موصول ہونے پر شروع کیا گیا۔
آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فورسز کا آپریشن جاری تھا۔بھارتی فورسز نے ضلع کٹھوعہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ نوجوانوں محمد سلیم، فاروق احمد، ہپی چودھری کوکٹھوعہ کے علاقے لوہائی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا ۔ گرفتاری کے بعد ان کے خلاف ”پی ایس اے” کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔گرفتار نوجوانون کو ادھمپور اور جموں کی جیلوں میں منتقل کیا گیا۔
علاوہ ازیںراجوری کے علاقے تھنہ منڈی میں ہندوستانی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں کی ناکہ پارٹی کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد ایس او جی اہلکار شدید زخمی ہوئے اور پولیس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ۔ جموں کشمیر غزنوی فورس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا کہ حملے میں کئی اہلکار شدید زخمی ہوگئے ،علاقے کا محاصرہ کرکے فوج نے آپریشن شروع کردیا ہے ،علاقے کی ناکہ بندی جاری ہے ۔ ضلع سانبہ میں ایک 25 سالہ مسلم نوجوان پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔نوجوان کی لاش باری برہمنہ کے علاقے سارور میں ریلوے لائن کے قریب سے ملی۔
متوفی کی شناخت راجوری کے علاقے سرولہ کے رہائشی راجہ ابرار خان کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ضلع پونچھ میں ایس کے پل کے قریب ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہونے کے نتیجے میں چودہ مسافر زخمی ہو گئے ۔ بس سورنکوٹ سے پونچھ جا رہی تھی۔دریں اثنا سری نگر کے علاقے شہید گنج میں علی الصبح آتشزدگی کے ایک ہولناک واقعے میں پانچ رہائشی مکان خاکستر ہوئے۔ آخری اطلاعات تک آگ بجھانے کی کارروائی جاری تھی۔۔