مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا،اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ عاصم افتخار احمد

نیویارک:اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ  بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموںکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان مشن نیویارک میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا جو وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران روزانہ دے رہے ہیں

۔انہوں نے پاکستان کی اپنے ہمسایوں کے ساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ تاہم بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموںکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنا پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی ذمہ داری ہے اور انہوں نے ان کے ناقابل تنسیخ حق کی وکالت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی بھی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔