ڈی ایف پی کی پاکستان کو یومِ پاکستان پر مبارکباد

سرینگر: مقبوضہ جموںوکشمیرمیں شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے پاکستانی عوام اور حکومت کو یومِ پاکستان کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے، جو 23 مارچ کو پورے ملک میں منایا جا رہا ہے۔سرینگر سے جاری ایک بیان میں ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے 23 مارچ 1940 کو منظور ہونے والی قرارداد پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے برصغیر کی تاریخ کا ایک اہم موڑ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک نئی قوت اور حوصلے کا باعث بنی، جنہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد کو تیز تر کیا۔ترجمان نے کشمیری عوام کی جانب سے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت کی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کے مسئلے کو موثر طریقے سے اٹھایا ہے اور ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد درحقیقت تحریکِ پاکستان کا تسلسل ہے اور 23 مارچ 1940 کی تاریخی قرارداد آج بھی کشمیری عوام کے لیے ایک عظیم تحریک اور مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے