کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے،کشمیر ریلوے پرائیویٹ لمیٹڈکو ختم کئے جانے کاانکشاف

اسلام آباد(صباح نیوز)کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے،کشمیر ریلوے پرائیویٹ لمیٹڈکو ختم کئے جانے کاانکشاف ہوا ہے،ساڑھے پانچ سال میں کمپنی نے 6کروڑ79لاکھ سے زائد پیسے خرچ کئے اور مقصد حاصل نہیں ہوا ،2014میں اسلام آباد-مری-مظفر آباد ریل لنک کے قیام کے لیے کمپنی بنائی گئی تھی۔

آڈٹ دستاویزات کے مطابق 2014 میں مسلم لیگ ن کے دور میں بنائی گئی کشمیر ریلوے پرائیویٹ لمیٹڈ مقصد کے حصول کے بغیر ہی 2019میں حکومت کی طرف سے بند کئے جانے کاانکشاف ہواہے ۔ساڑھے پانچ سال بعد چھ کروڑ سے زائد اخراجات کے بعد کمپنی کو بند کیا گیا67.945 ملین روپے کے اخراجات بغیر کسی واپسی یا مطلوبہ مقاصد کے حصول کے کیے گئے،2014 میں اس وقت کے وزیراعظم نے اسلام آباد-مری-مظفر آباد ریل لنک کے قیام کا حکم دیا، کمپنی ریل کوریڈور، اسٹیشن اور ٹرمینلز کی منصوبہ بندی، تعمیر، آپریٹنگ اور دیکھ بھال، ڈپو، یارڈز اور دیگر ذیلی سہولیات کی دیکھ بھال کے لیے قائم کی گئی تھی،

کمپنی نے تنخواہوں کی ادائیگی اور فزیبلٹی اسٹڈی کے انعقاد پر 67.945 ملین روپے کے اخراجات کئے تھے،کمپنی کو 2019 میں ختم کر دیا گیا تھا،اس طرح کمپنی کو ساڑھے پانچ سال بعد بند کر دیا گیا، 67.945 ملین روپے کے اخراجات بغیر کسی واپسی یا مطلوبہ مقاصد کے حصول کے کیے گئے۔