اسلام آباد(صباح نیوز) بین الاقوامی یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس میں ڈاکٹر احمد بن سعد الاحمد کی بطور صدر جامعہ تقرری کی منظوری دے دی گئی۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آبادکے بورڈ آف ٹرسٹیز کا 17واں اجلاس آن لائن منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر پاکستان و چانسلر جامعہ آصف علی زرداری نے کی۔
اجلاس نے 23 دسمبر 2024 کو امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی ریاض میں ہونے والی 16ویں اجلاس کے منٹس کی تصدیق کی۔ اس اجلاس کا ایک اہم ایجنڈا صدر جامعہ کی تقرری کو حتمی شکل دینا تھا۔ جامعہ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے 16ویں اجلاس کی سفارشات کی روشنی میں صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے عہدے کے لیے امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی جس نے تین ناموں کا چنا کیا جو کہ ریکٹر جامعہ نے اس فورم کو پیش کیے۔ ان میں ڈاکٹر احمد سعد الاحمد، ڈاکٹر سروش حشمت لودھی اور ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کے نام شامل تھے تاہم اجلاس میں ڈاکٹر احمد بن سعد الاحمد کے نام کی بطورصدر جامعہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں جامعہ کے پرو چانسلر اور امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی ریاض کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سالم محمد العامری نے بھی شرکت کی۔
پاکستان سے اس اجلاس میں شرکت کرنے والے ممبران میں چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی،قائم مقام ریکٹر جامعہ و چیئرمین، ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ، قائم مقام صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، چیئرمین، اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی، سیکرٹری صدر پاکستان محمد شکیل ملک ، چیئرمین، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد محمد علی رندھاوا، سیکریٹری وزارت خارجہ آمنہ بلوچ، سیکریٹری وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت محی الدین احمد وانی، سیکریٹری، وزارت خزانہ امداد اللہ بوسال، اور نائب صدر جامعہ و سیکریٹری بورڈ آف ٹرسٹیزپروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن شامل تھے۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی اراکین میں ڈاکٹر سالم محمد المالک، ڈائریکٹر جنرل اسلامک ایجوکیشنل سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن، رباط، مراکش، پروفیسر ڈاکٹر معدی محمد المذیب، صدر، ام القری یونیورسٹی، مکہ، سعودی عرب، پروفیسر محمد سمیع عبد الصدیق، صدر، قاہرہ، مصر، ، پروفیسر محمد سمیع عبد الصادق،پروفیسر ڈاکٹر سلاما گوما داود، صدر جامعہ الاظہر، مصر، ڈاکٹر صالح بن علی العقل، صدر، اسلامی یونیورسٹی مدینہ اور پروفیسر ڈاکٹر اسد یوسف اسد، قائم مقام صدر، جامعہ غزہ، اردن، شامل تھے۔ اجلاس کا اختتام جامعہ کے اسلامی اور جدید تعلیم میں کردار کو مزید بامعنی اور موثر کرنے کے عزم کے اعادہ کے ساتھ ہوا۔