کراچی، کورنگی کراسنگ پر نئے انڈس ہسپتال کے فیز ون میں 90بستروں کی ایمرجنسی شروع

کراچی (صباح نیوز)سندھ حکومت اور انڈس ہسپتال کی شراکت داری سے کورنگی کراسنگ پر نیا انڈس ہسپتال قائم کردیا گیا، فیز ون میں 90 بستروں کی ایمرجنسی شروع کر دی گئی، جب کہ 1ہزار 300 بستروں پر مشتمل انڈس ہسپتال کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی انڈس ہسپتال کا دورہ کیا، انڈس ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری نے وزیراعلی سندھ کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ جناح ہسپتال اور سول ہسپتال کے بعد کورنگی انڈس اسپتال شہر کا تیسری بڑا ہسپتال ہوگا۔ کورنگی انڈس ہسپتال میں مفت علاج مہیا کیا جائے گا، بدین ہسپتال کو بھی انڈس نیٹ ورک چلا رہا ہے، جوکہ علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کررہا ہے۔نرسنگ کو ایک اہم پیشہ بنانا چاہتے ہیں، تاکہ بچے اس جانب زیادہ سے زیادہ رخ کریں، بیرون ملک نرسنگ کے پروفیشنلز کی بہت مانگ ہے، ساتھ ہی ساتھ ملک کے اندر بھی پیرا میڈیکل اسٹاف کی ضروریات پوری کرنا اہم ہے۔