یوم پاکستان،مقبوضہ جموں وکشمیر میں سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں ٹی ایل ایف کے پوسٹرز چسپاں

سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیرمیں یوم پاکستان کے موقع پر سرینگر سمیت مختلف علاقوںمیں دی لبریٹرز فرنٹ(ٹی ایل ایف ) کے پوسٹرزچسپاں کئے گئے ہیں جن میں کشمیری عوام اور مجاہدین کی جانب سے یوم پاکستان پر حکومت اور پاکستان کی عوام کو مبارکباد پیش کیا گیا ہے ،

وادی کے مختلف علاقوں میں نصب کئے گئے ٹی ایل ایف کے ان پوسٹروں میں قرارداد پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے ساتھ پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی تصاویر کو نمایاں کیا گیا ، یہ پوسٹر سرینگر سمیت وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے ہیں جن میں قائد تحریک آزادی شہید سید علی گیلانی کا مشہور نعرہ ” ہم پاکستانی ہیں ،پاکستان ہمارا ہے ” بھی درج ہے ،

اس کے علاوہ قائد اعظم کا قول ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ” بھی ان پوسٹرزمیں تحریر ہے ، پوسٹروں میں یہ بھی تحریر کیا گیا کہ کشمیری اپنے وطن سرزمین جموں وکشمیر پربھارت کے غیر قانونی و غاصبانہ قبضے کے خاتمے اور اپنے بنیادی حق خودارادیت کے حصول تک تکمیل پاکستان کی اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،پوسٹروں میں لکھا گیا کہ کشمیری مجاہدین بھارت کوجلد کشمیر چھوڑنے پر مجبور کریں گے،

شہداء کی قربانیوں سے کسی کو بھی غداری کی اجازت نہیں دی جائے گی،دی لبریٹرز فرنٹ(ٹی ایل ایف) کی جانب لگائے ان پوسٹروں کے آخر میں یہ واضح کیاگیا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور انھیں دنیا کی کوئی طاقت ایک دوسرے سے جدا نہیں کرسکتی ۔