اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے فلسطینی کاز کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے اندر اتحاد و یکجہتی صیہونی حکومت کی جارحیت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف فتح حاصل کرنے کے لیے اہم ترین عوامل ہیں۔ان خیالات کااظہار پاکستان میںمتعین ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے یوم القدس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہیوئے کیا۔ایرانی سفیر نے عالمی یوم قدس کی مناسبت سے جمع ہونے والے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
یوم قدس کے موقع پر ایرانی سفیر کی جانب سے افطار ڈنر میں دینی، سیاسی شخصیات ، مختلف ملکوں کے سفارتکاروں ، صحافیوں اور زندگی کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔افطار ڈنر کے موقع پر طیبہ خانم بخاری ،انجینئر علی محمد خان ،سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئرحسین بخاری ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق ،سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری ،ایرانی سفیر رضا امیر ی مقدم ،سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات سینیٹر مشاہد حسین سید ،سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس ودیگر بھی موجود تھے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم قدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا تب سے ہر سال یہ دن دنیا بھر میں نہ صرف منایا جاتا ہے بلکہ اس کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے یہ دن امت مسلمہ کے اتحاد کی علامت بن چکا ہے جس میں دنیا کے تمام حریت پسند اور انصاف پرور افراد فلسطینی عوام کی حمایت کا عہد دہر اتے ہیں ۔ ڈاکٹر رضا امیر مقدم نے کہا کہ سات اکتوبر دو ہزار تئیس کے بعد سے ہمیں دو اہم حقائق کا سامنا ہے ایک طرف صیہونی جارحیت اور فلسطینی عوام کی نسل کشی ہے جو مغربی طاقتوں اور امریکہ کی مکمل پشت پناہی کے ساتھ جاری ہے دوسری طرف حماس کی مزاحمت ہے جو خاص طور پر جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے بعد اپنی گہری بنیادوں اور ناقابل تسخیر قوت کا مظاہرہ کر چکی ہے۔ وہی اسرائیلی اتحاد جو کبھی حماس کو ختم کرنے کی بات کرتا تھا آج اس کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر مجبور ہو چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بطور سفیر مجھے فخر اور اعزاز حاصل ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ فلسطینی کاز اور غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور اور غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم اس راہ پر القدس الشریف کی مکمل آزادی تک ثابت قدم رہیں گے ۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ چند حکومتوں کی خاموشی بے عملی اور مصلحت پسندی کے باوجود دنیا بھر میں اسرائیلی ریاست کی وحشیانہ نسل کشی کے خلاف شعور بیدار ہو رہا ہے اور اس کے حامیوں کو انسانی ضمیر کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا رہا ہے ۔بدقسمتی سے کئی ممالک اب بھی سازگار خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں لبنان سے یمن تک امت مسلمہ مصائب اور مشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام نے جس جذبے جرات اور اصولی موقف کے ساتھ فلسطینی کاز کا دفاع کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔
پاکستان کے میڈیا اور بااثر شخصیات نے بھی عالمی سطح پر اس ظلم کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔میں اس موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے فلسطینی عوام کے حق میں مضبوط اور غیر متزلزل موقف اپنایا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم قدس کے موقع پر میں زور دیتا ہوں کہ امت مسلمہ کا اتحاد اور یکجہتی ہی صیہونی جارحیت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف کامیابی کی کلید ہے اس جمعہ کے روز دنیا بھر کے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فلسطینی عوام اور غزہ کے مظلوموں کے حق میں اپنی آواز بلند کریں ۔ایرانی سفیر نے کہا کہ آخر میں میں ایک بار پھر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے اس بامقصد اجتماع میں شرکت کی ۔آئیے ان بابرکت لمحات میں دعا کریں کہ اللہ تعالی تمام مظلوم مسلمانوں کو ظالموں کے تسلط سے نجات عطا فرمائے اور القدس الشریف کو جلد از جلد آزاد فرمائے۔