بلوچستان کی اہم شاہراہوں پر رات کے اوقات میں مسافر بسوں سمیت پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد

کوئٹہ (صباح نیوز)بلوچستان حکومت نے صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر رات کے اوقات میں مسافر بسوں سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی، یہ اقدام بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافے کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں رواں سال متعدد واقعات میں مسافروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔گوادر، کچھی، ژوب، نوشکی اور موسی خیل کے ڈپٹی کمشنرز نے رات کے اوقات میں سفر پر پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردئیے ہیں۔کوئٹہ انتظامیہ نے بھی شہر سے روانہ ہونے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو رات کے وقت سڑکوں پر چلنے سے روک دیا ہے۔

کوئٹہ کے کمشنر حمزہ شفقات نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو کراچی-کوئٹہ شاہراہ (این25)پر رات کے وقت چلنے سے روک دیا جائے گا، جس سے بلوچستان کا سندھ سے رابطہ منقطع ہو جائے گا۔ اجلاس میں بسوں اور کوچوں کی روانگی کے اوقات کار کی پابندی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا تاکہ سفر میں تاخیر سے بچا جا سکے۔کمشنر نے کہا کہ تمام بسوں اور کوچوں میں ٹریکرز اور سی سی ٹی وی کیمرے فعال رکھے جائیں گے، جبکہ ٹرانسپورٹرز کو حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔28مارچ کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں، گوادر کے ڈی سی حمود الرحمن نے کہا کہ مکران کوسٹل ہائی وے (این10)پر تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو رات کے وقت مزید احکامات تک کے لیے چلنے سے روک دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے، انتظامیہ اور نجی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے کراچی، گوادر اور کوئٹہ سے روانگی کے اوقات کار کو بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ رات پڑنے سے پہلے اپنی منزل پر پہنچ جائیں۔کراچی یا کوئٹہ سے گوادر جانے والی تمام ٹرانسپورٹ صبح 5 بجے سے 10 بجے کے درمیان روانہ ہوگی، جبکہ ساحلی شہر سے دونوں شہروں کے لیے روانہ ہونے والی ٹرانسپورٹ صبح 6 بجے سے دوپہر 1 بجے کے درمیان روانہ ہوگی۔کچھی کے ڈی سی جہانزیب لانگو کی جانب سے جاری کردہ ایک ایسے ہی نوٹیفکیشن میں، تمام پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کو 28 مارچ سے مزید احکامات تک شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان کوئٹہ-سکھر شاہراہ (این65) پر سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس سے صوبے کا سندھ سے رات کے وقت رابطہ منقطع ہو جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ سبی سے کوئٹہ جانے والی گاڑیاں مقررہ اوقات میں سبی میں ناری ریور بینک پر روکی جائیں گی، جبکہ صوبائی دارالحکومت سے آنے والی گاڑیاں کول پور پر روکی جائیں گی۔ژوب کے ڈی سی محبوب احمد کے ایک علیحدہ حکم نامے میں پبلک بسوں اور کوچوں کو این۔50 نیشنل ہائی وے پر ژوب سے گزرنے سے منع کیا گیا ہے، جو کوئٹہ کو خیبرپختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان سے ملاتی ہے۔ٹرانسپورٹرز کو 27مارچ سے مزید احکامات جاری ہونے تک شام 6 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوشکی کے ڈی سی امجد سومرو اور موسی خیل کے ڈی سی جمعہ داد مندوخیل نے بھی اسی طرح کے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں، جس میں پبلک ٹرانسپورٹ کو شام 6 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان کوئٹہ-تفتان (این40) اور ملتان-لورالائی(این70) شاہراہوں پر چلنے سے منع کیا گیا ہے۔