راولپنڈی (صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کی سازش ناکام بنا کر دشمن کو ہم نے اس کا جواب دے دیا ہے، بلوچستان میں عید کے بعد ٹرینیں بحال ہوں گی۔ راولپنڈی اسٹیشن پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ دشمن کی جعفر ایکسپریس پر حملہ کی سازش ناکام بنائی ہے، دشمن کو ہم نے اس کا جواب دے دیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے میں جدید ہتھیار استعمال ہوئے جبکہ دہشت گرد سیٹلائٹ فون کے ذریعے افغانستان میں رابطہ پر تھے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات پر قوم مذمت کر رہی ہے، یہ ایک غیر اعلانیہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے جس میں قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے پنجابی مزدوروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، دشمن کی سازش ہیکہ پنجابی کو ماریں گے تو پنجاب میں خوں ریزی ہوگی۔
بلوچستان میں ٹرین سروس کی بحالی کے حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بلوچستان میں عید کے بعد ٹرینیں بحال ہوں گی، انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کے معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔خیال رہے کہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک 1726 کلومیٹر ڈبل ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جس سے دوران سفر شہریوں کے وقت کی بچت ہوگی، اور ریلوے کی جانب سے سامان کی نقل و حرکت میں بھی کم وقت صرف ہوگا