کوہلو میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حیدر عباس شہید،آئی ایس پی آر


راولپنڈی(صباح نیوز)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حیدر عباس جام شہادت نوش کرگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر بلوچستان کے علاقے کوہلو کو گھیرے میں لیا تو ملک دشمنوں کی جانب سے فائرنگ شروع کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن حیدر عباس وطن پر قربان ہوگئے، شہید کیپٹن کا تعلق سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی)سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کیپٹن حیدر عباس کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید ، حاضر سروس افسران، جوانوں، شہید کے لواحقین اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی آپریشن میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، بچ جانے والے دہشتگرد پہاڑوں میں فرار ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ملک دشمنوں کو بلوچستان کا امن سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔