لندن(صباح نیوز)برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے کیل بروک کے ہاتھوں چھٹے راؤنڈ میں تکنیکی طور پر ناک آؤٹ کے ساتھ بڑی شکست کے بعد کھیل سے ریٹائرمنٹ پر غور کرنے کا اشارہ دے دیا۔
مانچسٹر میں ہونے والی ویلٹر ویٹ فائیٹ میں کیل بروک نے عامر خان کو چھٹے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔12 راؤنڈز پر مشتمل یہ فائیٹ چھٹے ہی راؤنڈ میں اس وقت ختم ہو گئی جب عامر خان اپنا دفاع کرنے میں مسلسل ناکام رہے اور ریفری وکٹر لوگلین نے آگے بڑھ کر فائیٹ ختم ہونے کا اشارہ کیا۔
واضح رہے کہ دونوں باکسرز کے درمیان طویل تاخیر کے بعد ہونے والے اس مقابلے پر دنیا بھر سے شائقین کی نظریں جمی تھیں۔ اس فائٹ کے ٹکٹ 10 جنوری کو فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے اور صرف چند منٹ میں ہی ہزاروں ٹکٹ فروخت ہو گئے تھے۔
اس سے قبل مانچسٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عامر خان نے کہا تھا کہ وہ کیل بروک کو ہار کا مزا چکھائیں گے۔عامر خان نے یہ بھی کہا تھا کہ میں نے اپنے ذہن میں شکست ڈالی ہی نہیں کیوںکہ میں نے صرف جیتنا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر وہ فائٹ ہار بھی گئے تو ان کا باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں لیکن شکست کے بعد سکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ وہ اس بارے میں بہت غمزدہ ہیں۔40 فائیٹس بہت زیادہ ہوتی ہیں، دو ورلڈ ٹائٹل جیتنا، امریکہ جانا۔
مجھے اپنے خاندان کے ساتھ بیٹھنے کی ضرورت ہے لیکن میرے خیال میں میرا کیرئیر اب اختتام کی طرف ہے۔عامر نے یہ بھی کہا کہ ان کی کھیل سے محبت اب پہلے جیسی نہیں رہی۔ پہلے جب میں رنگ میں ہوتا تھا تو مجھ میں بہت جوش ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں۔ شاید یہ ایک اشارہ ہے۔