ہم کسی امپائر کی انگلی کی طرف نہیں دیکھ رہے،رانا ثناء اللہ


لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ( ن )پنجاب کے صدر اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم کسی امپائر کی انگلی کی طرف نہیں دیکھ رہے، سیاست، سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کا کام ہے، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ انہیں چھوڑنے کیلئے تیار اور ہم سے رابطے میں ہیں،نیب کی ناکامی کے بعد ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ امن و امان کی صورتحال پورے ملک میں خراب ہے، وزیراعظم کا حکم تھا کہ محسن بیگ کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں لایا جائے، وزیراعظم اجلاس میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر غور کرنے کے بجائے مخالفین سے متعلق گفتگو کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں پوری دنیا میں ہیروئن سپلائی کرتا ہوں، مجھ پر اتنے بڑے نیٹ ورک کا الزام لگایا گیا، اس نیٹ ورک کا دوسرا آدمی کون ہے؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے منڈی بہاؤالدین کے جلسے میں مخالفین کو گالیاں دیں، وزیراعظم کا ایک ہی موٹو ہے، مخالفین کے خلاف گھٹیا انتقام ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور میرے خلاف کیسز بنانے میں خود شریک رہے لیکن ساڑھے تین سال سے یہ ان کیسز میں کچھ ثابت نہ کرسکے، نیب کی ناکامی کے بعد ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لانگ مارچ کا آپشن بھی ہے، احتجاج بھی کریں گے اور عدم اعتماد بھی ہو گا، حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے احتجاج بھی کریں گے اور لانگ مارچ بھی، ہمیں امید ہے عوام کی دعاؤں سے تحریک عدم اعتماد بھی کامیاب ہو گی، ان کے اپنے لوگ ان کو چھوڑنے کے لیے تیار ہیں اور ہم سے رابطے میں ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم کسی امپائر کی انگلی کی طرف نہیں دیکھ رہے، سیاست، سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کا کام ہے، نظام سے کوئی فرق نہیں پڑتا بس آئین پر عمل کیا جائے۔