اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد کی زیر صدارت بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کا مقصد مستحق خواتین کو رقوم کی تقسیم کیلئے ادائیگی کے نئے نظام، بی آئی ایس پی کے نام پر ہونے والے سائبر کرائمز ، ملک بھر میں جاری کفالت وظائف کی تقسیم اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
سینیٹر روبینہ خالدنے بی آئی ایس پی کے نام پر ہونے والے سائبر کرائمز کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ جرائم ادارے کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں اور ان کی بدولت معصوم اور سادہ لوح افراد متاثر ہوتے ہیں ۔ انہوں نے بی آئی ایس پی سائبر ونگ کو ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو اس نوعیت کے جرائم رپورٹ کرنے اور انکے خلاف کاروارئی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کیں۔
چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے ادائیگی کے نئے نظام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد مستحق خواتین کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے لہذا ہمیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور اپنے پارٹنرز بینکوں کی مشاورت سے ایسا نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس کے تحت مستحق خواتین میں باعزت اور شفاف طریقے سے رقوم کی تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور اور تمام ڈائریکٹر جنرلز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔