پشاور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت مزدورکش پالیسیوں پر گامزن ہے۔ چترال سے کراچی تک عوام بے بسی اور بے چارگی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری کے چابک عوام کی پیٹھ پر صبح، دوپہر اورشام برسا رہی ہے۔ کوئلہ کی قیمت میں انتہائی اضافہ بھٹہ خشت سے وابستہ مزدوروں کے ساتھ ظلم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں بھٹہ خشت یونین کے صدر حامد فواد اور جان افضل کی وفد کے ہمراہ حاجی نیاز محمد کے حجرے میں ملاقات میں کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن بھی موجود تھے۔بعدازاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سابق ایم پی اے و نائب امیر ضلع پشاور جاوید خان مومند مرحوم کے اہل خانہ اور اہل علاقہ سے فاتحہ خوانی و تعزیت کی۔
سراج الحق نے کہا کہ کوئلہ کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے اس شعبے سے وابستہ لاکھوں مزدور اور محنت کش بے روزگار ہو جائیں گے۔ حکومت روزگار نہیں دے سکتی تو برسرروزگار افراد کو بے روزگار نہ کرے۔ جماعت اسلامی بھٹہ خشت یونین کی 15نومبر سے ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ کوئلہ کی بے انتہا قیمت میں اضافہ واپس لے اور بھٹہ خشت سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کے گھروں کا چولھا اور بچوں کا فوقوں سے نہ مارے۔
مزیدبرآں امیر جماعت نے چکوال موڑ پر تبلیغی جماعت کی گاڑی کے حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔