پاک ایران بارڈر پر پاکستانیوں کا قتل دونوں ملکوں کے تعلقات کو خراب کرنے کی سازش ہے،لیاقت بلوچ

 لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ  پاک ایران بارڈر پر 8 پاکستانیوں کا دردناک قتل قابلِ مذمت اور دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کو بے اعتمادی کا شکار رکھنے کی گھنائونی سازش ہے۔لیاقت بلوچ نے  پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق)کے انٹراپارٹی الیکشن میں بلاول بھٹو زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کو سربراہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر سینیٹر ساجد میر کی ٹیلی فون پر عیادت کی اور کامیاب آپریشن کے بعد جلد صحت یابی کی دعا کی ۔لیاقت بلوچ نے ساہیوال اور رینالہ خورد میں جماعتِ اسلامی پنجاب وسطی کے ڈپٹی سیکرٹری رحمت اللہ وٹو کی بیٹی کی تقریبِ نکاح میں خطبہ دیا اور تاجر رہنما بشیر چوہدری سے ملاقات اور عیادت کی ،ساہیوال، اوکاڑہ اور لاہور میں وفود اور میڈیا پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاک ایران بارڈر پر 8 پاکستانیوں کا دردناک قتل قابلِ مذمت اور دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کو بے اعتمادی کا شکار رکھنے کی گھنائونی سازش ہے ،پاک ایران دوستانہ تعلقات میں رخنہ ڈال کر کشیدگی پیدا کرنا امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کا مشترکہ ایجنڈا ہے ،انشااللہ ماضی کی طرح پاک ایران بارڈر سکیورٹی فورسز مشترکہ آپریشن کے ذریعے پاک ایران تعلقات میں رخنہ ڈالنے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گی اور دشمن ایجنڈا کے تحت کام کرنے والے دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کریں گے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ غزہ (فلسطین)پر قیامت بِیت رہی ہے ،عالمی دہشت گرد امریکہ کی سرپرستی میں غاصب اسرائیل نے انسان دشمنی اور نسل کشی کی انتہا کردی ہے لیکن عالمی ادارے اور عالمِ اسلام کی قیادت مجرمانہ غفلت اور اقدامات سے گریز کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں ،غزہ پر امریکی اسرائیلی عزائم خدانخواستہ کامیاب ہوگئے اور بیت المقدس ہاتھ سے چلاگیا تو یہ مِلتِ اسلامیہ کی روح کا خاتمہ اور ہر مسلم ملک کی سلامتی کے لئے خوفناک خطرات کا نقطہ آغاز ہوگا ،اس لئے  مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس صرف مذمتی قرارداد نہیں مضبوط عملی اقدامات کا لائحہ عمل دے ،موجودہ حالات سے اب یہ نتائج اخذ کئے جاسکتے ہیں کہ مِلتِ اسلامیہ کو اپنے اپنے ملک میں بزدل، بے حمیت اور  امت دشمن قیادت کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا وگرنہ نااہل، بزدل حکمران پوری امت کے لیے ذلت اور زوال کا باعث بن جائیں گے ۔لیاقت بلوچ نے متحدہ جمعیت اہلحدیث کے امیر سید ضیا اللہ شاہ بخاری اور جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل پیر صفدر گیلانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام غزہ یکجہتی مارچ میں ایمانی جذبوں کا مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ حکومت اور اپوزیشن رہنما امریکی وفد سے ملاقات پر شاداں ہیں ،اِن دونوں کی امریکی وفد سے ملاقات کا ذوق و شوق اور زندگی کی پوری ہوتی حسرتیں دیدنی ہیں ،کسی کیاندر یہ ہمت نہیں کہ وہ عالمی دہشت گرد امریکہ کی ناجائز سرپرستی میں غاصب اور دہشت گرد اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کرے ،امریکی صدر ٹرمپ خود اپنی ذہنی صحت کے بارے میں شکوک کا شکار ہوگئے ہیں ،صرف ان کا اپنا دعویٰ نہیں امریکی میڈیکل بورڈ صدر ٹرمپ کے مرض کی تشخیص کرکے ان کی ذہنی حالت کا تعین کرے وگرنہ امریکی اور عالمی منظرنامہ مزید کشیدگی کا شکار ہوتا جائے گا ۔لیاقت بلوچ نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب احتجاجی خواتین کی آواز سنیں اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کریں

،تعلیم اور صحت سہولیات کی نج کاری آئین سے بغاوت ہے ،ریاست کی بنیادی ذمہ داری عوام کو تعلیم، صحت اور تحفظ دینا ہے ،حقیقت یہ ہے کہ حکومتیں اہلیت، گورننس، شفافیت اور حقیقی مینڈیٹ سے محروم ہیں اور اندھی طاقت سے عوام کو ان کے حقوق سے محروم کیے جارہی ہے ،اب تو وزیرخزانہ نے بھی تسلیم کرلیا ہے کہ حکومت کے مہنگائی ختم کرنے کے دعوے شیخ چلی کے خواب ہیں، عوام مہنگائی کی چکی میں پِس رہے ہیں، عوام ریلیف سے محروم ہیں ،جماعتِ اسلامی ڈاکٹرز، اساتذہ کرام، پیرامیڈیکل سٹاف کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور 15 اپریل کو پنجاب بھر میں کسانوں کا احتجاج زراعت پر حکومتی شب خون کو روکے گا۔