اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی وترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ صنعتی کارکنوں کے لیے سستی رہائش اور معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار چوہدری سالک حسین نے اتوار کے روز اسلام آباد میں نئے ورکرز ویلفیئر فنڈ سے تعمیر شدہ لیبر کمپلیکس کو بجلی کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف سستی اور معیاری سہولیات فراہم کرتے ہیں بلکہ صنعتی کارکنوں کے لیے بہتر ماحول کو بھی یقینی بناتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعتی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن وسائل مہیا کیے جائیں گے۔انہوں نے مستحق اور اہل مزدوروں اور کارکنوں کو تعمیر شدہ مکانات اور اپارٹمنٹس کی جلد الاٹمنٹ کی بھی ہدایت کی۔چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ لیبر کمپلیکس کے دوسرے فیز پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا تاکہ مزید صنعتی مزدوروں کو رہائشی سہولیات سے مستفید کیا جا سکے۔
اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے کہا کہ رہائشی منصوبے کے دوسرے مرحلے میں تمام بین الاقوامی معیار کی سہولیات شامل ہوں گی۔چوہدری سالک حسین نے 1500سے زائد تعمیر شدہ مکانات، فلیٹس، کمیونٹی سینٹر اور مساجد کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے چوہدری سالک حسین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔