اسلام آباد(صباح نیوز)ایران کے سفارتخانہ نے ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں حالیہ مسلح حملے میں آٹھ پاکستانی شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس فعل کو غیر انسانی اور بزدلانہ قرار دیا ہے۔اتوار کو پاکستان میں قائم ایرانی سفارتخانے نے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں اس المناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور تہران کے ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ سفارتخانہ نے کہا کہ دہشت گردی پورے خطے کے لیے ایک مستقل اور مشترکہ خطرہ ہے۔مزید کہا گیا کہ غدار عناصر، اکثر بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورکس کے ساتھ مل کر امن، سلامتی اور علاقائی استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔سفارت خانے نے تمام علاقائی ممالک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے اجتماعی کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس لعنت کو شکست دینے کے لیے متحد، مربوط حکمت عملیوں کی ضرورت ہے۔دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی لعنت نے پچھلی دہائیوں میں پہلے ہی بے شمار معصوم جانیں لے لی ہیں۔ایران نے واقعے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کاوعدہ کرتے ہوئے اپنی سرزمین میں تمام غیر ملکی شہریوں کے حقوق اور حفاظت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔
