پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضا فے کے خلاف جماعت اسلامی کے اسلام آباد کے دس مقامات پر احتجاجی مظاہرے


اسلام آباد (صباح نیوز ) جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیراہتمام پیٹرولیم مصنو عات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضا فے کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی کال پر وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے دس مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں کارکنان سمیت شہر یوں نے بڑی تعداد میں شر کت کی مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کے نعرے درج تھے

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ راندھاوا، نائب امیر محمد کاشف چوہدری ، ملک عبد العزیز ،تحسین احمد خالد اور زونل ناظمین نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا حکومت نے رات بارہ بجے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر کے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا ہے ، پیٹرول کی قیمت میں 12روپے ، ڈیزل اور مٹی کے تین کی قیمتوں میں 10روپے کا اضافہ وزیر اعظم کا انتہائی ظالمانہ اور عوام دشمن فیصلہ ہے ، جس سے پاکستان کا غر یب اور متوسط طبقے کو کچل دیا گیا ہے ،جماعت اسلامی حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کو مسترد کرتی ہے،انھوں نے کہا حکو مت عوام کے لیے سہولت کار ہو تی ہے حکومتیں منافع نہیں کماتی بلکہ جس قیمت پر پیٹرولیم مصنوعات خر یدی جا تی ہیں اسی پر عوام کو دی جا نی چاہیے ،حکو مت پیٹرولیم مصنو عات پر کسٹم اور لیوی کم کر کے عوام کو سبسڈی دے ،پیٹرولیم مصنو عات کی قیمتوں میں اضا فے سے ملک میں مہنگائی کا ایک اور سو نامی آگیا ہے اور عوام کی قوت خر ید ختم ہو چکی ہے

میاں محمد اسلم نے کہااس سے ملک میں کساد بازاری میں اضا فہ ہو گا اورملکی معیشت تباہ ہو جا ئے گی ،وزیر اعظم عمران خان کہتا تھا کہ ان کے پاس معاشی ماہرین ہیں جو ملک کی معیشت ٹھیک کر دیں گے مگر ان کے سقراطوں نے معیشت کا اور بھی بیڑا غرق کر دیا ہے ، ہم وزیر اعظم سے پوچھتے ہیں کہ قیمتوں میں اضا فے اور آئی ایم ایف کے سامنے سر نگوں ہو نے سے معیشت درست نہیں ہو سکتی ۔

نصر اللہ رندھاوا نے کہا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضا فے سے چار سو اشیاء کی قیمتوں میں یک دم اضا فہ ہو جا ئے گا ،یہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے جھٹکے ہیں، چند روز قبل بجلی ساڑھے تین روپے فی یونٹ مہنگی کردی گئی تھی اور اب پٹرول کی قیمت میں یکمشت 12 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، انھوں نے کہاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمت میں ایک ہی بار میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے جس سے پٹرول کی قیمت پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین اور ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔جماعت اسلامی عوامی حقوق اورحکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔

محمد کاشف چوہدری نے کہا بجلی، پٹرول اور دیگر چیزوں میں قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جو کہ ظلم ہے، ہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں،وزیر اعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن لینے اور عوام دشمن شرائط تسلیم کرنے کے بجائے غریب عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اور فیصلے کریں۔

ملک عبد العزیز نے کہاحکومتی اقدام سے خوردنی تیل ، دودھ ، دہی سبزی اور پھلوں سمیت کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور اضا فہ ہو جا ئے گا، عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور عوام کے لیے ریلیف کے کوئی امکانات نظر نہیں آرہے ، غریبوں ، مزدوروں اور روزانہ کمانے والے افراد ہی نہیں بلکہ متوسط طبقے کے گھرانے بھی سخت پریشان اور پی ٹی آئی کی حکومت سے سخت نالاں ہیں۔