لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری ملازم وزیر اعظم کے ذاتی ملازم نہ بنیں،عمران خان نے شہباز شریف کے بغض میں ہر ادارے کو استعمال کیا،شہبازشریف کے خلاف کاغذ لہرا کراربوں کی منی لانڈرنگ ثابت کرنے والے شہزاد اکبر کہاں گئے ؟
دوسرے وزرا ء بھی شہزاد اکبر سے سبق حاصل کریں، پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے اور عمران خان کے حکم پر مافیا بھتہ خوری کر رہا ہے، پاک سرزمین صحافیوں پر تنگ کیوں ہو رہی ہے، ریاست کی طاقت کو صحافیوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔جمعہ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ آج شہبازشریف کی پیشی تھی، یہ تماشہ ساڑھے 3 سال سے جاری ہے، عمران خان نے شہبازشریف کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے، انہیں صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا اور پھر صاف پانی کیس میں نامزد تمام افراد بری ہوگئے، لیگی صدر بیرون ملک عدالتوں سے بھی سرخرو ہوئے، لندن کی عدالتوں نے بھی انہیں بے گناہ قرار دیا۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف کے بغض میں ہر ادارہ استعمال کیا، وہ اداروں کو شہباز شریف کے خلاف کیس بنانے کی ہدایت کرتے رہے، حکومتی اداروں کا غلط استعمال کیا گیا، ہر الزام ایف آئی اے اور نیب کے ذریعے لگایا گیا، آج شہبازشریف کے خلاف کاغذ لہرانے والے شہزاد اکبر کہاں گئے، جس نے اربوں کی منی لانڈرنگ ثابت کرنی تھی، آج ان کے کرائے کے ترجمان پی آئی ڈی میں بیٹھ کر الزام لگاتے ہیں۔
انہوں نے پی آئی ڈی میں نہیں عدالتوں میں کرپشن ثابت کرنی تھی، اب اسحاق ڈار کا اقبالی بیان لے آئے ہیں، ایف آئی اے کو کہتی ہوں کہ ان کی ملازم نہ بنے اور دوسرے وزرا ء بھی شہزاد اکبر سے سبق حاصل کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے بہروپیے اور ٹائوٹ ملک پر مسلط ہیں، آج یہ نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں، عمران خان کے حکم پر مافیا بھتہ خوری کر رہا ہے، پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے، حکومت کے گھر جانے کا وقت آگیا ہے۔