لاہور(صباح نیوز)پنجاب کے میدانی علاقوں میںدھند چھائی رہی ، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹر وے ایم 2 سمیت دیگر موٹرویز مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کی گئیں۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک، موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک اور موٹر وے ایم 3 فیض پور سے سمندری تک بند کی گئی ۔
قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا ہے۔۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات دھند میں گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیزی سے لین تبدیل نہ کریں۔ موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے سیزن میں سفر کا بہتر وقت صبح دس سے شام چھ بجے تک ہوتا ہے۔اس کے علاوہ دھند کے باعث فلائٹس آپریشن بھی متاثر ہے، کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا۔