لاہو ر(صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان کا اجلاس 6 جنوری کو لاہور میں طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی چیئرمین مرکزی علما کونسل کی میزبانی میں ختم نبوت اسلامک ریسرچ سنٹر نزد صحافی کالونی ہربنس پورہ میں منعقد ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل اجلاس میں ملک میں نفاذ اسلام،سودی نظام کے خاتمے،اتحاد امت،کشمیر فلسطین مشرق وسطی’کی صورتحال پاکستان افغانستان ایران تعلقات، اور کرم کے حالات پر قائدین اظہار خیال فرمائیں گے۔اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے دستور میں ترامیم کا مسودہ، سالانہ پروگرامات کے شیڈول، صوبائی تنظیموں کے انتخابات کی رپورٹ سمیت مرکزی کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات پیش کی جائیں گی اور اجلاس کے بعد ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر پریس کانفرنس کریں گے۔