دعا گو ہوں کہ 2025 پاکستان ،اداروں اور مختلف مکتبہ فکر سے جڑے لوگوں کی ترقی و کامیابی و سلامتی کا سال ثابت ہو، عاصمہ بٹ

راولپنڈی(صبا ح نیوز) معروف ہدایت کارہ،مصنفہ اور سماجی رہنما عاصمہ بٹ نے کہا کہ حسن سلوک اور خدمت خلق سے اپنا اگلا جہاں سنواریں،یہ دنیا اور اس کے کام یہیں رہ جائیں گے۔ کسی کی تکلیف کا احساس کرنا،اس کی اپنی استطاعت کے مطابق مدد کرنا صدقہ جاریہ ہے۔میں دعا گو ہوں کہ 2025 پاکستان ،اداروں اور مختلف مکتبہ فکر سے جڑے لوگوں کی ترقی و کامیابی و سلامتی کا سال ثابت ہو۔

معروف ہدایت کارہ،مصنفہ اور سماجی رہنما عاصمہ بٹ نے نئے سال کے آغاز پر اپنے ملک و قوم کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ،اور کہا کہ میں نے نوافل کی ادائیگی کے بعد پاک پروردگار سے دعا کی کہ 2025 سب کے لئے کامیابی و سلامتی کا سال ثابت ہو۔میں دعا کرتی ہوں کہ میری زندگی سے جتنے بھی لوگ وابستہ ہیں، میں ہمیشہ صحت و تندرستی کی زندگی کے ساتھ ان کے کام آتی رہوں۔آمین مجھے دوسروں کی مدد کرنے سے دلی سکون حاصل ہوتا ہے۔

عاصمہ بٹ نے بتایا کہ گزشتہ شب اطلاع ملی کہ ایک اخبار کے سینئیر فوٹوگرافر بشیر شاد راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج ہیں۔میں نے اللہ پاک کا نام لیا۔ان کی عیادت کے لئے گئی ۔بعد ازاں آر آئی سی کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر ایاز حیدر سے ملاقات کی۔ان سے درخواست کی کہ ہمارے ساتھی سینئیر فوٹوگرافر بشیر شاد کا خاص خیال رکھا جائے۔میری مدد کی جہاں بھی ضرورت ہو،میں حاضر ہوں۔کیوں کہ اس دنیا سے اگلے جہاں میں اگر کوئی شے ہمارے ساتھ جائے گی ،تو رب کی ذات پر توکل،حقوق العباد،اچھا اخلاق اور اچھے اعمال ہوں گے۔انھی کی بدولت ہی دنیا و آخرت میں اپنے پاک پروردگار کے حضور میں سرخرو ہو سکیں گے۔

عاصمہ بٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کام اور عمل کا مقصد فقط دوسروں کی بھلائی اور مدد ہونی چاہیے۔الحمدللہ میں اپنے ضمیر کے سامنے مطمئن ہوں ،کیوں کہ میں نے خدمت خلق کو ہمیشہ اپنی ذات سے بڑھ کر ترجیح دی۔میں اپنے رب پاک کے حضور میں سربسجود شکر گزار ہوں کہ اس پاک ذات نے مجھے اس قابل بنایا کہمیں سب کے کام آسکوں۔میں دعا کرتی ہوں کہ گزشتہ 28 سالوں کی طرح 2025 میں بھی پہلے سے بڑھ کر اپنے لوگوں کی خدمت کروں۔انشااللہ